پاکستان کے شہر کراچی میں فائرنگ کے واقعہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور ان کا محافظ زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ کراچی کے علاقے حسن سکوائر کے قریب غریب آباد میں پیش آیا۔
ہمارے نامہ نگار ریاض سہیل نے بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان قادر خان کا کہنا ہے کہ اے این پی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری بشیر جان ایک مقامی ٹی وی چینل کے ٹاک شو سے واپس آ رہے تھے جب نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ میں ان کا محافظ شدید زخمی ہوا ہے اور ان کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بشیر جان کو ہاتھ پر گولی لی ہے۔
اس واقعے کے بعد کراچی کے علاقے اورنگی اور بنارس سمیت کئی علاقوں میں میں حالات کشیدہ ہو گئے۔ اورنگی اور بنارس میں فائرنگ کے واقعات میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عباسی شہید ہسپتال کے حکام کے مطابق تین لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کے نام فراز، جاوید اور راشد ہیں۔
تین مزید لاشیں سول ہسپتال لائی گئی ہیں۔ تاہم ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
اورنگی کے علاقے میں ایک بس پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گیارہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
source : bbc.co.uk